بنگلور، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن نے اڑ ی میں فوج کے ایک بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوئی حرکت جموں و کشمیر میں امن ا ور معمول کی صورت حال بحال کرنے سے ملک کو نہیں روک سکتی۔نرملا نے بی جے پی کی ریاستی خواتین ایگزیکٹو کے اجلاس سے الگ نامہ نگاروں سے کہاکہ یہ مکمل طور قابل مذمت ہے ، وہ اس طرح کی سرگرمیوں سے مسلسل دھمکیاں دینا جاری رکھ سکتے ہیں، لیکن ہندوستان اپنی داخلی سلامتی کا خیال رکھنے میں پوری طرح اہل ہے اور ایسی کوئی دھمکی جموں و کشمیر میں امن اور معمول کی صورت حال بحال کرنے سے ہمیں نہیں روک پائے گی۔قابل ذکرہے کہ فوج کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں نے آج صبح حملہ کیا جس میں 17؍جوان شہید ہو گئے اور 19دیگر زخمی ہو گئے ، حملے کے دوران فوج نے چار دہشت گردوں کو مار گرایا۔پاکستان میں دہشت گرد ی کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے اور ان کو تباہ کرنے سے متعلق جموں و کشمیر کے بی جے پی ممبران اسمبلی کے مطالبہ کے بارے میں پوچھے جانے پر سیتا رمن نے کہاکہ مرکز اور ریاستی حکومت دونوں جموں و کشمیر میں معمول کی صورت حال بحال کرنے کی سمت میں کام کریں گی ۔